Pages

علماءکرام کے لیے کار آمد باتیں

علماءکرام کے لیے کار آمد باتیں
حکیم الامّت  حضرت *مولانا اشرف علی تھانوی* نور اللّٰه مرقدہ کی ایک قیمتی تالیف "العلم والعلماء" میں سے چند گراں قدر ملفوظات پیشِ خدمت 
ہیں:

⚫ایک بات اہلِ علم کے کام کی بتاتا ہوں کہ دین پر عمل کرنے کا مدار سلف صالحین کی عظمت پر ہے، اس لیے حتی الامکان ان پر اعتراض اور تنقیص کی آنچ نہ آنے دیں.

⚫مولوی ہونا کوئی خوشی کی بات نہیں ہے، دین دار ہونا خوشی کی بات ہے.

⚫علم کے ساتھ صحبت کی بڑی ضرورت ہے، صحبت سے واقفیت بھی ہوتی ہے اور عمل کے ساتھ مناسبت بھی ہوتی ہے.

⚫علماء کو ہمیشہ غریب ہی رہنا چاہیے، جس قوم اور جس مذہب کے علماء امیر ہوئے، وہ مذہب برباد ہوگیا.

⚫دو چیزیں علماء کے واسطے بہت ہی بری معلوم ہوتی ہیں، حرص اور کبر.
⚫مناسب ہے کہ قلم اور کاغذ جیب میں پڑا رہے، جس وقت جو مضمون ذہن میں آئے اس کا اشارہ لکھ لیاجائے، پھر دوسرے وقت ان میں ترتیب دے دی جائے.

⚫دو باتیں مجھے بہت ناپسند ہیں: ( ۱ ) ایک تو تقریر میں لغت بولنا. 
 (۲) تحریر میں شکستہ لکھنا.
کیوں کہ تحریر و تقریر سے مقصود افہام ہوتا ہے اور یہاں ابہام ہوتا ہے. 
  
⚫جب آدمی دین کا پابند نہ ہو اس کی کسی بات کا اعتبار نہیں، کیوں کہ اس کا کوئی کام حدود کے اندر تو ہوگا نہیں، دوستی ہوگی تو حدود سے باہر، دشمنی ہوگی تو حدود سے باہر، ایسا شخص خطرناک ہوگا،  ہر چیز کو اپنے درجے میں رکھنا یہی بڑا کمال ہے. آج کل اکثر مشائخ و علماء میں اس کی کمی ہے. 
⚫میں تو اپنے دوستوں کو بھی مشورہ دیتا ہوں کہ اگر اللّٰه تعالیٰ ان کو کسی دینی مدرسے میں درس و تدریس کا موقع نصیب فرمائیں تو انتظام و اہتمام کو اپنے لیے قبول نہ کرو، کیوں کہ دونوں میں تضاد ہے. مدرس اور علمی خدمات کرنے والوں کے لیے یہی زیبا ہے کہ اہنے آپ کو اسی شغل میں لگا ئے رہیں.

⚫چھوٹی جگہ میں رہ کر کام زیادہ ہوسکتا ہے کیوں کہ وقت فراغت کا زیادہ ملتا ہے اور بڑی جگہ رہ کر چھوٹا کام بھی نہیں کر سکتا،  اور نہ ہوسکتا ہے، کیوں کہ زیادہ وقت لوگوں کی دل جوئی میں گزرتا ہے. کام تو گم نامی ہی میں ہوتا ہے.