Pages

Aftar Dua Fast Breaking Supplication Arabic Text meaning


۵۔ عَنْ اَبِیْ سَعِیْدِنِ الْخُدْرِیِّ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ اِنَّ لِلّٰہِ تَبَارَکَ وَتَعَالیٰ عُتَقَائَ فِیْ کُلِّ یَوْمٍ وَلَیْلَۃٍ یَعْنِیْ فِیْ رَمَضَانَ وَاِنَّ لِکُلِّ مُسْلِمٍ فِیْ کُلِّ یَوْمٍ وَلَیْلَۃٍ دَعْوَۃً مُسْتَجَابَۃً۔
نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے کہ رمضان المبارک کی ہر شب و روز میں اﷲ کے یہاں سے ( جہنم کے) قیدی چھوڑے جاتے ہیں اور ہر مسلمان کے لئے ہرشب و روز میں ایک دعا ضرور قبول ہوتی ہے ۔
ف: بہت سی روایات میں روزہ دار کی دعا کا قبول ہونا وارد ہوا ہے ۔ بعض روایات میں آتا ہے کہ افطار کے وقت دعا قبول ہوتی ہے مگر ہم لوگ اس وقت کھانے پر اس طرح گرتے ہیں کہ دعا مانگنے کی تو کہاں فرصت ، خود افطار کی دعا بھی یاد نہیں رہتی ۔ افطار کی مشہور دعا ہے اَللَّہُمَّ لَکَ صُمْتُ وَ بِکَ آمَنْتُ وَعَلَیْکَ تَوَکَّلْتُ وَعَلَی رِزْقِکَ اَفْطَرتْ( ترجمہ) اے اللہ تیرے ہی لئے روزہ رکھا اور تجھی پر ایمان لایا ہوں اور تجھی پر بھروسہ ہے تیرے ہی رزق سے افطار کرتا ہوں ۔
حدیث کی کتابوں میں یہ دعا مختصر ملتی ہے ۔ حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاص ؓ افطار کے وقت یہ دعا کرتے تھے ۔ اَللَّہُمَّ اِنِّی اَسْئَلُکَ بِرَحْمَتِکَ الَّتِیْ وَسِعَتْ کُلَّ شَیْئٍ اَنْ تَغْفِرْلِی (ترجمہ) اے اللہ تیری اس رحمت کے صدقے جو ہر چیز کو شامل ہے یہ مانگتا ہوں کہ تو میری مغفرت فرما دے
 بعض کتب میں خود حضور ؐ سے یہ دعا منقول ہے۔ یَا وَاسِعَ الْفَضْلِ اغْفِرْلِی (ترجمہ) اے وسیع عطا والے میری مغفرت فرما ۔ اور بھی متعدد دعائیں روایات میں وارد ہوئی ہیں مگر کسی دعا کی تخصیص نہیں اجابت دعا کا وقت ہے اپنی اپنی ضرورت کے لئے دعا فرماویں یاد آ جاوے تو اس سیاکار کو بھی شامل فرمالیںکہ سائل ہوں اور سائل کا حق ہوتا ہے۔
چشمۂ فیض سے گر ایک اشارہ ہو جائے لطف ہو آپ کا اور کام ہمارا ہو جائے