Pages

Darood e Pak Recitation Farz Wajib Sunnah Ruling Virtues blessing


دوسرا شخص جس کے لئے بد دعا کی گئی وہ ہے جس کے سامنے نبی کریم ﷺ کا ذکر مبارک ہو اور وہ درود نہ پڑھے۔ اور بھی بہت سی روایات میں یہ مضمون وارد ہوا ہے
 اسی وجہ سے بعض علماء کے نزدیک جب بھی نبی کریم ﷺ کا ذکر مبارک ہو تو سننے والوں پر درود شریف کا پڑھنا واجب ہے ۔حدیث بالا کے علاوہ بھی بہت سی وعیدیں اس شخص کے بارے میںوارد ہوئی ہیں
 جس کے سامنے حضورﷺکا تذکرہ ہو اور وہ درود نہ بھیجے بعض حدیث میں اس کو شکی اور بخیل تر لوگوں میں شمار کیا گیا ہے نیز جفا کار اور جنت کا راستہ بھولنے والا، حتی ٰ کہ جہنم میں داخل ہونے والا اور بد دین تک فرمایا ہے یہ بھی وارد ہوا ہے کہ وہ نبی کریم ﷺ کا چہرہ مبارک نہ دیکھے گا محققین علماء نے ایسی روایات کی تاویل فرمائی ہو مگر اس سے کون انکار کر سکتا ہے کہ درود شریف نہ پڑھنے والے کے لئے آپ کے ظاہر ارشادات اس قدرسخت ہیں کہ ان کا تحمل دشوار ہے اور کیوں نہ ہو کہ آپ کے احسانات امت پر اس سے کہیں زیادہ ہیں کہ تحریر و تقریر اس کا احصاء کر سکے ، اس کے علاوہ آپ کے حقوق امت پر اس قدر زیادہ ہیں کہ ان کو دیکھتے ہوئے درود شریف نہ پڑھنے والوں کے حق میں ہر وعید اور تنبیہ بجا اور موزوں معلوم ہوتی ہے خود درود شریف کے فضائل اس قدر ہیں کہ ان سے مھرومی مستقل بد نصیبی ہے۔ اس سے بڑھ کر کیا فضیلت ہو گی کہ جو شخص نبی کریم ﷺ پر ایک مرتبہ درود بھیجے حق تعالیٰ شانہ اس پر دس مرتبہ رحمت بھیجتے ہیں نیز ملائکہ کا اس کے لئے دعا کرنا ، گناہوں کا معاف ہونا ، درجات کا بلند ہونا ، احد پہاڑ کے برابر ثواب کا ملنا ، شفاعت کا اس کے لئے واجب ہونا وغیرہ وغیرہ امور مزید برآں ۔ نیز اللہ جل جلا لہ کی رضاء اس کی رحمت ، اس کے غصہ سے امان ، قیامت کے ہول سے نجات ، مرنے سے قبل جنت میں اپنے ٹھکانے کا دیکھ لینا وغیرہ بہت سے وعدے درود شریف کی خاص خاص مقداروں پر مقرر فرمائے گئے ہیں ان سب کے علاوہ درود شریف سے تنگی معیشت اور فقر دور ہوتا ہے اللہ اور اسکے رسولﷺ کے دربار میں تقرب نصیب ہوتا ہے دشمنوں پر مدد نصیب ہوتی ہے اور قلب کی نفاق اور زنگ سے صفائی ہوتی ہے لوگوں کو اس سے محبت ہوتی ہے اوربہت سی بشارتیں ہیں جو درود شریف کی کثرت پر احدیث میں وارد ہیںفقہاء نے اس کی تصریح کی ہے کہ ایک مرتبہ عمر بھر میں درود شریف کا پڑھنا عملاً فرض ہے اور اس پر علماء مذہب کا اتفاق ہے البتہ اس میں اختلاف ہے کہ جب نبی کریم ﷺ کا ذکر مبارک ہو ، ہر مرتبہ درود شریف کا پڑھنا واجب ہے یا نہیں ، بعض علماء کے نزدیک ہر مرتبہ درود شریف کا پڑھنا واجب ہے اور دوسرے بعض کے نزدیک مستحب۔